بھارت پر واضح کیا کہ کھیلوں کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہیے، ممتاز زہرہ بلوچ

Aug 07, 2023 | 12:31 PM

ایک نیوز: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے دورہ بھارت کی اجازت دیکر واضح کیا ہے کہ بھارت سے دوطرفہ تعلقات عالمی کھیلوں بارے ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں رکاوٹ نہیں بننے چاہئیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ  بلوچ نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو اقوام  متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ 

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے ٹیم کو بھارت بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان متواتر کہتا ہے کہ کھیلوں کو سیاست کی نظر نہیں کیا جانا چاہیے، پاکستان سمجھتا ہے انڈیا سے دوطرفہ تعلقات کو عالمی کھیلوں بارے ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے، پاکستان کا فیصلہ تعمیری اور ذمہ دارانہ رویہ کا عکاس ہے، کھیلوں پر بھی بھارت کا رویہ متعصبانہ ہے، امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت کے دوران مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی بھارت میں سیکیورٹی پر تحفظات ہیں، پاکستانی ٹیم بھارت کے مختلف شہروں میں ورلڈ کپ کے میچز کھیلے گی، ہم اس حوالے سے بھارت کے ساتھ سفارتی و دیگر چینلز کے ذریعے رابطوں میں ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان امن خطے کے بہتر مستقبل کا ضامن ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات تنازعات طے کرنے  کے لئے ضروری ہیں، مذاکرات کے لئے بال اب بھارت کی کورٹ میں ہے، بھارت کئی سال سے کھیلوں کو سیاست کی نظر کررہا ہے، بھارت نے ایشیا کرکٹ کپ میں پاکستان میں شرکت سے معذرت کی، بھارت نے پاکستانی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے جاری نہیں کئے، پاکستان کھیلوں کو سیاست کی نظر نہیں کرتا بلکہ مثبت انداز میں لیتا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے 15 ماہ میں 36 غیر ملکی دورے کیے، بلاول بھٹو زرداری نے یورپ، افریقہ، ایسٹ ایشیا، مشرق وسطیٰ، سینٹرل ایشیاء اور  امریکہ کے دورے کیے، وزیر خارجہ نے اپنے دوروں میں مختلف کانفرنسوں میں شرکت کی اور دوطرفہ ملاقاتیں کیں، وزیر خارجہ نے اپنے دوروں میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جب بھی بیرون ملک دورے پر جاتے ہیں اخراجات خود برداشت کرتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان روس، یوکرین تنازعہ کا پرامن حل چاہتا ہے، روس ،یوکرین جنگ سے جڑے مسائل کے حل کے لئے پاکستان کوشاں ہے۔ 

ممتاز زہرا کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنانے پر شدید تشویش ہے، بھارت میں منی پور واقعے، مساجد نظر آتش کرنے اور امام مسجد کو شہید کرنے کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، بھارتی انتہا پسند تنظیمیں اقلیتوں کے قتل اور دہشتگردی میں ملوث ہیں۔ 

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو واضح الفاظ میں کہہ دیا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے۔ پاکستان اور بھارت سال میں دو بار قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ کرتے ہیں، یکم جولائی کو دونوں ممالک نے فہرست کا تبادلہ کیا، بھارت سے قید کی مدت پوری کرنے والے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، بڑی تعداد میں پاکستانی قیدی بھارت میں مدت پوری کرچکے ہیں، پاکستانی جوڈیشل کمیشن کے دورے بارے ابھی تک تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزارت خارجہ افغان سفارتخانے کے ساتھ ژوب میں پاک فوج پر حملے بارے رابطے میں ہے، ژوب حملےسے متعلق حملہ آوروں کی شناخت پر تحقیقات جاری ہیں، ژوب حملے میں مارے گئے دہشت گرد افغان شہری تھے، افغان شہریوں کی ژوب دہشت گردی میں ملوث ہونے پر تشویش سے افغان حکومت کو آگاہ کردیا، پاکستان افغانستان کو دہشت گردی سے نمٹنے کی استعداد کار بڑھانے پر تعاون فراہم کرسکتا ہے، افغانستان اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال  ہونے سے روکے۔

مزیدخبریں