مادروطن کی خاطر جان کا ںذرانہ پیش کرنے والے میجر عبداللہ شہید کو قوم کا سلام

مادروطن کی خاطر جان کا ںذرانہ پیش کرنے والے میجر عبداللہ شہید کو قوم کا سلام
کیپشن: Salutations of the nation to Major Abdullah Shaheed who sacrificed his life for the sake of motherland

ایک نیوز: شہدائے پاکستان کو سلام ، تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی وطن کی مٹی نے پکارا، ہمارے جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر لبیک کہا، میجر عبداللہ شاہ بے باک، نڈر اور وطن پر مر مٹنے کا عزم رکھنے والے جانباز مجاہد تھے جنہوں نے وطنِ عزیز کی خاطر شہادت کو گلے لگایا۔ 

تفصیلات کے مطابق میجر عبداللہ شہید 5 جولائی 2023 کو ضلع خیبر میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے شہادت کے رتبہ پر فائز ہوئے، میجر عبداللہ شاہ شہید کا تعلق ضلع کوہاٹ سے ہے۔ 

میجر عبداللہ شاہ شہید نے سوگواران میں بیوہ، دو بیٹیاں اور والدین چھوڑے، میجر عبداللہ شاہ کی شہادت پر ان کے اہلِ خانہ نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ شہید کسی ایک کا بیٹا نہیں ہوتا، پوری قوم کا ہوتا ہے۔ 

میجر عبداللہ شاہ شہیدکے والد کا کہنا تھا کہ جو شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کرتے ہیں ان کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں لگتا، اللہ تعالیٰ بیٹے کی شہادت قبول کریں، اس سے بڑھ کر اور کیا ہوگا کہ میرے بیٹے نے اپنی قوم کیلئے، اپنے پاکستان کی عزت کیلئے جان دی۔ 

شہید کے والد نے مزید بتایا کہ ہمیں اس کی شہادت کا دکھ نہیں بلکہ فخر ہے، وہ جہاں جاتا تھا روزے سے ہوتا تھا، وہ کہتا تھا اگر میں شہید ہو جاوٴں تو فکر مت کرنا۔ 

میجر عبداللہ شاہ شہید کے بھائی نے بتایا کہ مجھے کوئی بھی مسئلہ ہوتا میں بھائی سے مشورہ کرتا تھا، وہ شہادت کے خواہشمند تھے، میں اس چیز کا دلی طور پر خواہشمند ہوں کہ اللّٰہ تعالٰی ہمیں بھی یہ سعادت نصیب کریں۔ 

میجر عبداللہ شاہ شہید کے بھتیجے نے بتایا کہ وہ ہمارے لیے والد سے بڑھ کر تھے، میجر عبداللہ شاہ شہید وطنِ عزیز کے دفاع کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کر کے آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بن گئے۔