ہزارہ ایکسپریس حادثہ: ٹریک سے نٹ بولٹ کھولے جانے کا انکشاف

Aug 07, 2023 | 09:11 AM

ایک نیوز: کراچی سے راولپنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس ٹرین کو پیش آنے والے حادثے کی ممکنہ وجہ سامنے آگئی۔

تفصیلات کے مطابق ہزارہ ایکسپریس ٹرین کو حادثہ ممکنہ طور پر ٹریک کے نٹ بولٹ کھولے جانے کے باعث پیش آیا، جائے حادثہ سے لی گئی تصاویر کے مطابق ممکنہ طور پر ٹرین الٹنے سے پہلے ٹریک کے نٹ بولٹ کھول دیئے گئے جس سے ٹرین کے انجن کے فوری بعد منسلک پہلی بوگی جام ہوگئی جس کےبعد دیگر نو بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں ۔

اکھڑا ہوا ٹریک حادثے کی انکوائری کرنے والے اداروں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق ٹریک پر چھوٹے پل ( کلورٹ ) کے بیٹھ جانے کے شواہد نہیں ملے ، امدادی کاموں کیلئے لائی گئی ریلیف ٹرین کو کلورٹ پر ہی کھڑا کیا گیا ۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کے بعد ٹرین کے گھسٹینے کے شواہد بھی نہیں ملے، تمام ڈبے ایک ہی جگہ پر پٹڑی سے اتر گئے جبکہ اوور سپیڈ کا تاثر بھی اس لحاظ سے مسترد کردیا گیا ہے کہ ایک سو پانچ کلومیٹر فی گھنٹہ کی منظور شدہ سپیڈ کے مقابلے میں حادثے سے پہلے سپیڈ پینتاليس سے پچاس کلومیٹرفی گھنٹہ تھی۔

یاد رہے کہ کراچی سے راولپنڈی جانے والی ہزارہ ایکسپریس کو اتوار کے روز حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 30 سے زائد مسافر جاں بحق جبکہ 50 سے زائد زخمی ہوئے۔

مزیدخبریں