ایک نیوز :ملک میں صحت مند غذا کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے باقاعدہ مہم کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تحت اب ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے لیے لازمی ہو گا کہ وہ اپنے تیار کردہ مینیو میں غذائی تفصیلات بھی درج کریں۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف کے اسٹریٹجک ریفارمز انیشیئیٹو کی جانب سے صحت مند غذا، تندرستی سدا مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔شروع کی جانے والی مہم کے تحت ابتدائی طور پر ملک کے تقریباً 500 سے زائد ہوٹلوں اور ریسٹورنٹس کے مینیو میں ہر کھانے کے سامنے کیلوریز کی تعداد لکھنی لازمی ہو گی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے بازار میں دستیاب کھانوں میں پروٹینز، کاربوہائیڈریٹس، چکنائی اور دیگر غذائی اجزا کی مقدار ظاہر کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔اسٹریٹجک ریفارمز انیشیئیٹو کے سربراہ سلمان صوفی نے اس حوالے سے کہا ہے کہ مہم کے ذریعے عوام کو صحت مند غذا کی افادیت سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔