پنجاب میں احساس راشن پروگرام بحال، ماہانہ امدادی رقم میں بھی اضافہ

Aug 07, 2022 | 20:48 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز نیوز: پنجاب میں احساس راشن پروگرام شروع کرنے کی اصولی منظوری دے دی گئی ہے، غریبوں کو ماہانہ 15سو روپے ملیں گے، آٹا، دالیں اور گھی سستے داموں فراہم کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے صوبے میں احساس راشن رعایت پروگرام شروع کرنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے فیصلہ کیا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت غریب لوگوں کو ماہانہ ایک ہزار روپے کے بجائے 1500روپے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے احساس راشن رعایت پروگرام پر عملدر آمد کیلئے وزارتی اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے، کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر ہوں گی۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے احساس راشن رعایت پروگرام، احساس کارڈ اور احساس تحفظ پروگرام کے خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی۔

چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے حوالے سے ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا جائے گا، پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے موثر مانیٹرنگ نظام تشکیل دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ احساس راشن رعایت پروگرام کے تحت غریب لوگوں کو آٹا، دالیں اور گھی سستے داموں ملے گا۔

وزیراعلیٰ نے احساس پروگراموں کے لئے احساس ایکٹ تیار کرنے، سماجی تحفظ کے مختلف پروگراموں کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ احساس ایکٹ کو اسمبلی سے منظور کرائیں گے، سماجی تحفظ کے پروگراموں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے اور تمام پروگراموں کو یکجا کیا جائے، احساس ہی انسانیت ہے، سماجی اور معاشرتی تحفظ سے محروم افراد فلاحی ریاست کی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ احساس راشن رعایت پروگرام غربت کے خاتمے اور فلاحی ریاست کی جانب ایک بہت بڑا قدم ہے۔

 

مزیدخبریں