ایک نیوز نیوز: لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل برس پڑے جس کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے،محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کے مختلف علاقوں جوہر ٹاؤن، لکشمی چوک، گڑھی شاہو ، جیل روڈ اور دیگرعلاقوں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ نے مون سون ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے، محکمہ موسمیات خلیج بنگال پر بننے والے بارشوں کے نظام کو دیکھ رہا ہے، بارشوں کے نئے اسپیل کے لئے تیار رہنے کی ضرورت ہے، آج سے کچھ علاقوں میں بارشوں کا نیا اسپیل شروع ہوجائے گا۔
شیری رحمان نے تمام متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کو مون سون بارشوں کے دوران الرٹ رہنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور تمام صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے، بارش کے پانی کی نکاسی کے لئے ندی نالوں کو صاف رکھنے کی ضرورت ہے، لوگوں سے گزارش ہے کہ ان بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔