ایک نیوز نیوز: پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے رانا ثناء اللّٰہ کے بیان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا صاحب! آپ تھانہ کوہسار کے ایس ایچ او ہیں، اس سے زیادہ آپ کی حیثیت کچھ نہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں رانا ثناء اللّٰہ کے بیان پر ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی اوقات کے مطابق بات کیا کریں، یہ نہ ہو کہ آپ کو لینے کے دینے پڑجائیں۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ بہادر آپ اتنے ہیں کہ جب سے حکومت تبدیل ہوئی ہے، آپ فیصل آباد نہیں گئے، احتیاط اچھی چیز ہے۔
واضح رہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا تھا کہ عمران خان پوری قوم کے سامنے ایکسپوز ہوچکے، یہ اب اس سے بچنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس میں پیسے غیر قانونی طریقے سے آئے، ان کے عہدے داروں کے کالے کرتوت ان اکاؤنٹس میں چھپے ہیں، تحقیقات میں تعاون نہ کیا تو قانون گرفتاری کی اجازت دیتا ہے۔