ایک نیوز نیوز: ملک بھر کی طرح کراچی میں 8 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کی تیاریاں جاری ہیں، اس حوالے سے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ 8 محرم الحرام کا جلوس دوپہر ڈیڑھ بجے برآمد ہوگا، جلوس کی گزرگاہوں پر عام ٹریفک کا داخلہ بند ہوگا۔
اس حوالے سے ٹریفک پولیس نے بتایا ہے کہ جلوس نشتر پارک سے برآمد ہو کر کھارادر حسینیہ ایرانیان امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا،سیکیورٹی کے لیے نمائش اور اطراف کی سڑکوں پر کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں جبکہ پولیس کی زیرِ نگرانی کنٹینرز لگا کرجلوس کے راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی کونیا سرپرائز
پولیس کا کہنا ہے کہ جلوس کی گزرگاہ اور اطراف میں تمام دکانوں کو بھی سیل کیا جا رہا ہے۔
ادھر شہرِ قائد میں 8 محرم الحرام کے جلوس کے پیشِ نظر گزر گاہوں پر موبائل فون سروس بند رہے گی۔
دوسری جانب کراچی سمیت سندھ بھر میں محرم الحرام میں امن و امان کے پیشِ نظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پہلے ہی پابندی عائد ہے۔
محکمۂ داخلہ سندھ کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا جس کے مطابق سندھ بھر میں 5 اگست سے 10 اگست تک موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔