ویب ڈیسک :پاکستان کی وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ کپتانی ایک ذمہ داری ہے، سب کو ساتھ لے کر چلتا ہوں، انشاللہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتیں گے، بھارت میں شادی کی شیروانی دیکھنے کی خبر درست نہیں، سوشل میڈیا کی اکثر خبروں پر حیرانگی ہوتی ہے۔
پوڈ کاسٹ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ بیٹنگ اور کپتانی کو الگ رکھتا ہوں، محنت اور لگن کامیابی کی بنیاد ہے، پرانا وقت نہیں بھولا، جب موقع ملے پرانے گھر اور پرانے گراونڈز میں جاتا ہوں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ اللہ کے ساتھ تعلق بہت اہم ہے ، جومقام ملا اللہ کا بہت شکر ادا کرتا ہوں، والدین کی دعاؤں اور محنت سے یہاں تک پہنچا ہوں ، پی ایس ایل میں والدہ کے سامنے سنچری بنانا یادگار لمحات میں سے ایک ہے، میرے رن آؤٹ ہونے پر والد بہت ناراض ہوتے ہیں ، ان کو رن آؤٹ سخت ناپسند ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں بڑے گراؤنڈز کے سامنےکھیلنا منفرد تجربہ رہا، بھارت اور خصوصا حیدر آباد میں جو استقبال ملا وہ حیران کن اور یادگار رہا۔انہوں نے بتایا کہ ویرات کوہلی یا جتنے بڑے کرکٹرز ہیں ان سے کھیل پر بات کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ میں افغانستان کے خلاف میچ ہارنے پر دکھ ہوا، اس دن سو نہیں سکا، انشاللہ آنیوالے ورلڈ کپ کو جیتیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ کین ولیم سن کی کور ڈرائیو پسند ہے، پیٹ کمنز سب سے مشکل باؤلر ہیں ، پاکستان کے بعد دوسری پسندیدہ ٹیم نیوزی لینڈ ہے۔
شادی سے متعلق سوال پر بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ابھی فوری طور پر ارادہ نہیں، مداحوں کا شکریہ اور اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں، جب گراؤنڈ میں بابر بابر کے نعرے لگتے ہیں، ورلڈ کپ میں فخرزمان کی اننگ بہت انجوائے کی تھی ، خوشی ہے کہ انجری کے بعد نسیم شاہ کا بہترین کم بیک ہوا۔