ایک نیوز :اعلی عدلیہ کے ججز کو دھمکی آمیز خطوط ملنے کے معاملے پر وزارت داخلہ کواب تک ہونے والی تفتیش کی رپورٹ ارسال کر دی گئی۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ وفاقی پولیس کی جانب سے وزرات داخلہ کو بھجوائی گئی ،رپورٹ کے مطابق دو اپریل کوہائی کورٹ کے 8ججز کو مشکوک خطوط ملے۔ تین، چار اور پانچ اپریل کو سپریم کورٹ کے ججز کو بھی خط موصول ہوئے۔ الگ الگ دو مقدمات درج کئے جا چکے ہیں۔ خط پر آرسینک پاؤڈر پایا گیا جس کی مقدار زہریلی نہیں تھی۔
رپورٹ کے مطابق آرسینک جن جن پنسار سے ملتا ہے ان کا بھی ڈیٹا اکٹھا کر لیا گیا ہے۔ تفتیشی ٹیمیں ان تمام دکانوں کے دورے کر رہی ہے۔ سی ٹی ڈی کی دو ٹیمیں راولپنڈی اور اسلام آباد کے لئے بنائی گئی ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج اور خط بھیجنے والوں کے نام نادرا کو بھجوادئیے گئے۔ لفافوں پر تحریر اور سیاہی کو تجزیہ کے لئے ایکسپرٹ کو بھجوا دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق خط پر لگائی جانیوالی پوسٹل سٹیمپ کا بھی تجزیہ کیا جارہا ہے۔ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کو روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ جمع کراوائی جارہی ہے۔