ویب ڈیسک: دبئی میں 24 قیراط سونے سے اصل جیسے نظر آنے والے نمائشی کرنسی نوٹ تیار کیے گئے ہیں۔
ایک جیولر راہول ساگر نے یہ منفرد کرنسی نوٹ تیار کیے جن کا مقصد اماراتی ثقافتی میں سونے سے جڑی روایت کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
ہر نوٹ کے اندر 0.1 گرام سونا موجود ہے جبکہ اوپر دبئی کی عمارات کی ایک تصویر ہے اور اس کا سیریل نمبر بھی کافی منفرد ہے۔یہ اصل کرنسی نوٹ نہیں بلکہ اسے تحفے کے طور پر خریدا جاسکتا ہے۔
راہول ساگر کے مطابق 24 قیراط کے نوٹ جدید طریقہ کار سے تیار کیے گئے ہیں جن میں 0.1 گرام سونے کی پتلی تہہ موجود ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کرنسی نوٹوں کو منفرد بنانے والی چیز اس کا طریقہ کار ہی ہے جس کی مدد سے ہم حقیقی سونے کو ایک لچکدار نوٹ کا حصہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس طریقہ کار کی وجہ سے یہ کرنسی نوٹ پائیدار ہوگئے ہیں، ورنہ عام سونے سے بنے نوٹ وقت کے ساتھ خراب ہو جاتے ہیں۔
یہ کرنسی نوٹ آن لائن بھی دستیاب ہیں اور ایک نوٹ کی قیمت 159 اماراتی درہم (12 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے۔