ایک نیوز: وزیراعظم شہبازشریف کاکہنا ہے کہ صحت عامہ کی سہولیات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
عالمی یوم صحت پر وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا پیغام میں کہنا تھاکہ آج صحت کے عالمی دن کے موقع پر میں حکومت پاکستان کے اس عزم کا اعادہ کرتا ہوں کہ تمام شہریوں تک صحت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ اس سال صحت کے عالمی دن کا موضوع "میری صحت، میرا حق" ہے جو کہ اس امر کی تجدید کرتا ہے کہ صحت عامہ کی سہولیات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
شہبازشریف کاکہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منشور میں صحت کی سہولیات سب تک پہنچانے کے وعدے کے مطابق ہماری توجہ پرائمری، سیکنڈری اور ٹرشری ہیلتھ کیئر، طبی نگہداشت ، طبی تعلیم اور گورننس کو بہتر بنانے پر رہے گی۔ ہم عام آدمی تک صحت کی سہولیات کی رسائی کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ ہم موبائل ہیلتھ کلینک شروع کرنے، حفاظتی ٹیکوں کے نظام کو مزید متحرک کرنے اور ذہنی صحت کے حوالے سے خدمات کو بہتر بنانے کے لیے صوبائی حکومتوں کی مدد اور اور حوصلہ افزائی کریں گے۔ ہر صوبے میں میڈیکل سٹی کا قیام اور آپریشنلائزیشن، کینسر کیئر ہسپتال کا قیام اور ہر صوبے میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کی سہولیات کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم کاکہنا تھا کہ ہمیں پاکستان مسلم لیگ ن کے 2013 سے 2018 تک کے دور میں ہیلتھ کارڈ کی سہولت شروع کرنے پر فخر ہے۔ ہم اپنی شہریوں کے لیے یونیورسل ہیلتھ کوریج اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے لیے پرعزم ہیں اور خاص کر کم آمدن افراد کے لیے صحت کی سہولیات کی مفت فراہمی کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں ۔