ایک نیوز:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کاکہنا ہے کہ صحت مند آبادی ہی ایک خوشحال معاشرے کی بنیاد ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نوازکاصحت کے عالمی دن پرپیغام میں کہنا ہے کہ عالمی یوم صحت منانے کا مقصد عوام کو صحت کی اہمیت سے آگاہ کرنا ہے۔ہر فرد کے لئے اپنی صحت کی اہمیت کو سمجھنا بہت ضروری ہے۔ فرد کی صحت صرف ایک ذاتی معاملہ نہیں بلکہ پوری فیملی پر اثر انداز ہوتی ہے۔ہر شہری کے لیے صحت کی سہولیات تک مساوی رسائی یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ علاج کی سہولتوں کے ساتھ صحت مند طرز زندگی کے شعور کو فروغ دینے کی بھی ضرورت ہے۔ صحت مند زندگی کا انتخاب کریں، غذائیت سےبھرپورسادہ غذا کھائیں۔
مریم نواز کاکہنا ہے کہ ہیلتھ ریفارمز اولین ترجیح ہے، عوام بھی صحت مند طرز زندگی اپنائیں۔ ''صحت مند پنجاب '' وژن کے تحت ہیلتھ ریفارمز کا آغاز کر دیا ہے۔ پنجاب حکومت صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے اربوں روپے کے وسائل فراہم کر رہی ہے۔پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس بھی شروع کی جائے گی۔ پنجاب کا پہلا سرکاری محمد نواز شریف کینسر ہسپتال لاہور میں تعمیر ہوگا۔ سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات کی فراہمی شروع، ہوم ڈیلیوری بھی جلد شروع ہوگی۔
وزیراعلیٰ کاپیغام میں مزید کہنا تھاکہ سرگودھا میں نوازشریف کارڈیالوجی ہسپتال بنایا جا رہا ہے۔ 2500 بنیادی صحت یونٹس اور 300 دیہی صحت مراکز کی اپگریڈیشن شروع کر دی ہے۔ دور دراز علاقوں کے لئے32 فیلڈ ہسپتال کا آغاز کیا جارہا ہے۔ کچی آبادی کے رہائشیوں کیلئے 200 کلینک آن ویلز کا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔جنوبی، وسطی اور شمالی پنجاب میں تین میڈیکل سٹی بنانے کاہدف پورا کریں گے۔