ایک نیوز ( سلیمان اعوان):گارڈین عدالت لاہور کی تاریخ کا پہلا منفرد فیصلہ سامنے آیا ہے جس میں عدالت نے 2 نابالغ بچوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا-
رپورٹ کے مطابق گارڈین عدالت لاہور کے جج محمد جاوید نے فیصلہ جاری کیا۔مدعی سلمان خالق کی جانب سے بیرسٹر ردا نور نے پیش ہو کر بتایا کہ مدعی اور ان کی بیوی کے درمیان معاملہ طلاق تک پہنچ چکا ہے، 2 سالہ حنین اور ڈیڑھ سالہ زوہان کی حوالگی کا کیس زیر سماعت ہے۔ دونوں بچے کینیڈا کے شہری ہیں اور خدشہ ہے کہ والدہ بچوں کو کینیڈا لیجا سکتی ہے عدالت دونوں بچوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا گارڈین جج کے پاس بچوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا اختیار ہے؟بیرسٹر ردا نور نے عدالت کو بتایا کہ عدالت کے پاس اختیار ہےاور عدالتی فیصلے بطور نظیر پیش کر دیتے ہیں۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ جدید فیصلوں کی نظر میں بچوں کا نام ای سی ایل میں ڈالا جا سکتا ہے۔ جس کے بعد عدالت نے حنین سلمان اور زوہان احمد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔