ایران، سعودی عرب کا سفارت خانے کھولنے اور پروازوں کی بحالی پر اتفاق

Apr 07, 2023 | 11:07 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: سعودی عرب اور ایران نے دونوں ممالک کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے اور شہریوں کو ویزے کی سہولت فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق چین کے دارالحکومت بیجنگ میں دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا ہے جس میں چینی وزیر خارجہ کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور ایرانی وزیر خارجہ عامر عبدالہیان نے ملاقات کی اور ایک اس کے بعد ایک  مشترکہ بیان جاری کیا۔
معاہدے میں دونوں ممالک نےپروازوں کی بحالی، تہران اور ریاض میں سفارت خانے  اور اسکے ساتھ ساتھ مشہد اور جدہ میں قونصل خانوں کھولنے کی تفصیلات شامل ہیں جبکہ پروازوں اور عمرہ ویزوں کی بحالی پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔  
دونوں ممالک سفارتی تعلقات بحال کرنے پر بھی متفق ہوگئے تھے جس کے ساتھ حکام اور نجی وفود کے دوروں کا آغاز کیا جائے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد اور تعاون کا دائرہ کار کو توسیع دینے کے لیے بیجنگ معاہدے کو فعال کرنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ خطے میں استحکام اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے۔ 
تعلقات بحال کرنے کے معاہدے پر سعودی قومی سلامتی کے مشیر مسعید بن محمد العبیان اور ایران کے اعلی سکیورٹی عہدیدار علی شمخانی نے دستخط کیے۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے چین کی جانب سے ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے کی گئی کوششوں کو بھی سراہا۔
سعودی وزیر خارجہ اور ایرانی ہم منصب نے مشترکہ مفادات کے حصول اور خطے میں امن وامان کے قیام کے طریقوں پر گفتگو کی۔بیجنگ میں ملاقات کے بعد سعودی وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب کو دوبارہ ریاض کے دورے کی دعوت دی تاکہ ریاض میں دوطرفہ ملاقات کی جا سکے۔

مزیدخبریں