ویب ڈیسک:مرکزی رہنما ایم کیو ایم پاکستان مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پاکستان نامسائد حالات کے باوجود پاک فوج کی وجہ سے مستحکم ہے۔
تفصیلات کےمطابق کراچی میں تقریب سے خطاب ہوتے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا پاکستان ایک سکیورٹی سٹیٹ ہے، ساری سرحدیں ہروقت انگیج رہتی ہیں، پاکستان اسلامک امہ میں نیوکلیئر پاور ہے، ملک کو طرح طرح کے نعروں سے عدم استحکام کرنے کی سازشیں جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ترنا مسائد حالات کے باوجود مستحکم ہے تو صرف مسلح افواج کے سبب، ہم رنگ نسل زبان مسلک میں بٹے ہوئے ہیں، مگر افواج پاکستان نے ہم سب کوجوڑے رکھا ہے، ہماری مسلح افواج کے جوان روزانہ سرحدوں پر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بنانے والے اور انکی اولادیں بھی پاکستان کو بچانے میں اپنا کردار ادا کررہی ہیں، ایم کیوایم پاکستان کےکارکنان اور قیادت نے شہر میں امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، ہمارے آباواجداد نے اس ملک کو بنایااور آج انکی نسل اس ملک کو بسا رہی ہے۔
مرکزی رہنما ایم کیو ایم کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے نوجوانوں سے تمام حقوق چھین لیے گئے مگر وہ آج بھی اس ملک کی ترقی میں کردار ادا کر رہے ہیں، پاکستان چلانے والوں سے گزارش ہے کہ اس شہر کراچی پر توجہ دیں، ہر انسان کو کم از کم آٹھ پودے لگا کراپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا، ہمیں پاکستان کواندر سے بھی محفوظ بنانا ہے۔