ویب ڈیسک: اداکار فہد مصطفیٰ نے کہا ہےکہ اگر وہ اداکار نہ ہوتے تو بریانی کی دکان کھول چکے ہوتے۔
فہد مصطفیٰ کا شمار پاکستان ٹیلی ویژن اور فلم انڈسٹری کے کامیاب اداکاروں میں ہوتا ہے، انہوں نے پاکستان کی کئی کامیاب فلموں اور ڈراموں میں کام کیا، وہ اداکاری کے ساتھ بطور پروڈیوسر اور میزبان بھی کام کرتے ہیں۔
فہد مصطفیٰ کے کیرئیر کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں میزبان محب مرزا نے ان سے ایک شو کے دوران پوچھا تھا کہ اگر آپ اداکار نہ ہوتے تو کیا ہوتے؟
اس کے جواب میں فہد مصطفیٰ نے بتایا کہ اگر میں اداکار نہ ہوتا تو میرے والد مجھے بریانی کی شاپ کھول کر دینے والے تھے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ’یہ بالکل سچ ہے کہ میرے ایک دوست ہیں جن کی اہلیہ کی بریانی کی آؤٹ لیٹ ہے، میرے والدین بھی ان سے واقف ہیں، شوبز میں آنے سے قبل میرے والد مجھے ان کے گھر لے کر بھی گئے تھے جس دوران دوست کی اہلیہ کی امی نے مجھے بتایا بھی تھا کہ بریانی کا بزنس کس طرح چلتا ہے، ان کی امی نے مجھے بوٹیوں کا حساب بھی بتایا تھا لہٰذا اگر میں شوبز میں نہ آتا تو بریانی کی دکان کھول چکا ہوتا‘۔
اس پر ازراہ مذاق محب نے سوال کیا کہ اگر آپ بریانی کی دکان کھول لیتے تو کیا اس میں آلو ہوتا ؟ جس پر فہد نے ہنستے ہوئے کہا تھا کہ’ میری بریانی میں آلو ہوتا یا نہ ہوتا لیکن اگر ایسا ہوجاتا تو یہ میری زندگی کا بہت بڑا آلو ہوتا‘۔