ویب ڈیسک:بھارت میں مسلمانوں سے نفرت انگیز رویے کا ایک اور افسوس ناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں لنچ باکس میں گوشت کی بریانی لانے پر مسلم طالبعلم کو مبینہ طور پر اسکول سے نکال دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے ضلع امروہہ میں ایک پرائیویٹ سکول کی تیسری جماعت کے طالبعلم کو لنچ باکس میں نان ویجیٹیرین(گوشت والی) بریانی لانے پر اسکول سے فارغ کر دیا گیا۔
7 سالہ طالبعلم کی ماں اور اسکول کے پرنسپل کے درمیان بحث کی مبینہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ایک تنازعہ کھڑا ہوا۔
بچے کی ماں نے الزام لگایا ہے کہ میرے بیٹے کو پرنسپل نے مارا پیٹا اور ایک خالی کمرے میں بند کر دیا، خاتون نے دعویٰ کیا کہ پرنسپل نےکہا کہ سکول کے رجسٹر سے بیٹے کا نام نکال دیا ہے اور اسے اب سکول بھیجنے کی ضرورت نہیں ہے۔
تاہم سکول کے پرنسپل نے اپنے خلاف لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ لڑکے کو نہیں مارا بلکہ بچے نے سکول میں مندر کو نقصان پہنچایا اور اپنے کلاس والوں کو نان ویجیٹیرین بریانی کھلانے کی کوشش کی جس پر ان کے والدین نے اعتراض کیا۔ میں نے والدین اور اساتذہ کی میٹنگ بلائی تھی لیکن اس بچے کی ماں نے مجھ پر یہ الزامات لگا دیئے ۔
دوسری جانب حکام واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں جبکہ امروہہ مسلم کمیٹی نے پرنسپل کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔