ایک نیوز :وفاقی سیکرٹری داخلہ عبداللہ خان سنبل شدید علالت کے باعث انتقال کر گئے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی سیکرٹری داخلہ عبداللہ خان سنبل سابق چیف سیکرٹری پنجاب بھی رہ چکے ہیں۔شمار ایماندار اور بہترین افسران میں ہوتا تھا ۔وفاقی سیکرٹری داخلہ عبداللہ سنبل 4روز سے علیل تھے ۔عبداللہ سنبل کو طبیعت ناساز ہونے پر سی ایم ایچ لایاگیاتھا ۔عبداللہ سنبل نے 20اگست کو سیکرٹری داخلہ کا چارج سنبھالا تھا ۔
نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی نےسیکرٹری داخلہ عبداللہ خان سنبل کی وفات پر اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کاکہنا تھاکہ مرحوم بہترین افسر تھے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور درجات بلند کرے۔ ان کی اچانک وفات اہل خانہ اور سول سروس کے لیے بڑا نقصان ہے۔
نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے وفاقی سیکرٹری داخلہ عبداللہ سنبل کے انتقال پر افسوس کااظہار کیا۔
نگران وزیر اعلی محسن نقوی کاکہنا تھاکہ عبداللہ سنبل ایک ایماندار اور پروفیشنل افسر تھے۔ سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ اللہ تعالٰی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
سابق وزیراعظم شہبازشریف نے وفاقی سیکرٹری داخلہ کے انتقال پر افسوس کااظہار کیا۔
شہبازشریف کاکہنا تھاکہ جھے یقین نہیں آرہا کہ عبداللہ خان سنبل اب اس دنیا میں نہیں رہے۔ میں انہیں تقریباً دو دہائیوں سے جانتا تھا۔ انہوں نے میرے ساتھ بطور سیکرٹری اور دیگر اہم عہدوں پر کام کیا۔ وہ ایک نہایت قابل، دیانت دار اور نفیس انسان تھے۔ انکی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے سب ہی معترف تھے، انہوں نے لاہور رنگ روڈ پراجیکٹ میں بطور پراجیکٹ ڈائریکٹر کام کیا، ایسے متعدد منصوبے انکی قابلیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ مجھے یاد ہے عبداللہ سنبل کو پڑھنے کا بہت شوق تھا جو ان کو اپنے ساتھیوں میں منفرد کرتا تھا۔ان کا ایسے دار فانی سے چلے جانا انکے اہل خانہ کیلئے تو رنج و غم کا مقام ہے ہی لیکن ساتھ آج پاکستان سول سروس کے بہت بڑے نام سے محروم ہوگیا۔ اللہ انکے گھر والوں کو صبر جمیل عطا فرمائے اور مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔ آمین