ایک نیوز: اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے یوم دفاع کے موقع پر گوجر خان میں کیپٹن محمد سرور شہید کے مزار پر حاضری دی۔ انہوں ںے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ کا اہم دن ہے، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہوئی، 17 دن میں اپنے سے بہت بڑی تعداد کی فوج کو شکست دی، ہندوستان کی جارحیت کا بہترین انداز میں دفاع کیا، ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر ہمیں کسی جارحیت پر مجبور کیا گیا تو ہماری مسلح افواج اس کا بھرپور دفاع کرنے کی طاقت رکھتی ییں، ہم پرامن ہیں پڑوسیوں کے ساتھ پر امن رہنا چاہتے ہیں، گوجر خان اور بالخصوص خطہ پوٹھوار شہیدوں اور غازیوں کی سر زمین ہے، سنگھوڑی کے سپوت سرور شہید نے پہلا نشان حیدر پایا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام اور پاک فوج کے درمیان نہ کمزور ہونے والا رشتہ ہے، 9 مئی کے واقعات پر ہم آج بھی شرمندہ ہیں، افواج پاکستان کیخلاف کوئی بھی سازش ہوئی تو مردانہ وار مقابلہ کریں گے۔