ایک نیوز: عدالت نے 9 مئی حملہ کیس میں ملوث پی ٹی آئی خواتین کارکن سمیت 77 ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کردی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے سرور روڈ پولیس اسٹیشن میں درج جناح ہاؤس حملہ کیس میں پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والی خواتین فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ، صنم جاوید، طیبہ عنبرین، سابق ایم این اے عالیہ حمزہ اور دیگر 77 ملزمان کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا مسترد کردی ہے۔تفتیشی افسر نے ملزمان کو عدالت میں پیش کیا اور تفتیش مکمل کرنے کے لیے ان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔
وکلا نے مزید ریمانڈ دینے کی استدعا کی مخالفت کرتے ہوئے استدلال کیا کہ ملزمان کی تحویل سے کچھ برآمد نہیں ہوا، پولیس کے پاس ریمانڈ لینے کا کوئی معقول جواز نہیں ہے۔جج اعجاز احمد بٹر نے پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔