ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی اور کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے یوم دفاع کے موقع پر کینٹ میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔
وزیر اعلی محسن نقوی اور کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ شہداء قوم کے سرکا تاج اورسرمایہ افتخار ہیں۔ شہداء نے اپنا لہو دے کر وطن کی سرحدوں کا دفاع کیاہے۔ شہدائے وطن، غازیوں اور ان کی فیملیز کی تکریم ہم سب پر واجب ہے۔ پاک دھرتی کا امن شہیدوں، غازیوں اور ان کی فیملیز کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ان ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کے بیٹوں نے وطن کی محبت میں جان کا نذرانہ پیش کیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، کمشنر لاہورڈویژن، سی سی پی او لاہور اور عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔