ایک نیوز: سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یوم دفاع کے موقع پر 6 ستمبر کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں ںے کہا ہے کہ شہید قاٸد عوام ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام دیکر وطن کے دفاع کو یقینی بنایا۔ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دیکر وطن کے دفاع کو مضبوط کیا۔
اپنے بیان میں انہوں ںے مزید کہا کہ آج کوئی دشمن ہمارے ملک پر حملہ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ مضبوط دفاع ' آئین کی پاسداری اور بااختیار پارلیمنٹ وطن کی سلامتی کی ضمانت ہیں۔ ہمیں وطن کی خوبصورت وادیوں کو وطن دشمن دہشت گردوں سے پاک کرنا ہوگا۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کا یوم دفاع کے موقع پر پیغام
نگران وزیراعلیٰ سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر نے یوم دفاع کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کردیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ میں پاکستان کے دفاع میں شہید ہونے والے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ 6 ستمبر 1965 کو ہمارے فوجی جوانوں نے اپنے وطن کا شاندار دفاع کیا تھا۔
نگران وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ پاکستان کی عوام اور افواج نے ہمیشہ مل کر ملک کا دفاع بہادری سے کیا ہے۔ یوم دفاع پاکستان اپنی دھرتی سے حب الوطنی کی بہترین مثال ہے۔