ایک نیوز: کرپشن اور نااہلی کے الزامات میں میٹرو پولیٹن کارپوریشنز لاہور کے 44 ملازمین کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق وزیر اطلاعات و بلدیات عامر میر کی ہدایت پر میٹرو پولیٹن کارپوریشنز لاہور کے 44 ملازمین کو انکے عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے،ہٹائے گئے ملازمین پر کرپشن اور نااہلی کے الزامات تھے۔
سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ڈاکٹر ارشاد نے احکامات جاری کر دیے ہیں،جن لوگوں کے خلاف ایکشن لیا گیا ہے ان میں 13 گینگ مین، 6 کلرک، اور 17 نائب قاصد شامل ہیں۔اس کے علاوہ ہٹائے گئے ملازمین میں 8 بیلدار، ہیلپر اور ٹریسرز بھی شامل ہیں جو کرپٹ مافیا کو معاونت مہیا کرتے تھے۔عامر میر کی جانب سے محکمے میں موجود دیگر کرپٹ ملازمین کو بھی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
عامر میر کا کہنا ہےکہ محکمے میں مدت سے ایک ہی عہدے پر تعینات لوگ مافیا بن چکے تھے۔بار بار شکایات کے باوجود انکے خلاف نہ کوئی ایکشن ہوا اور نا کوئی انکوائری کی گئی۔عوامی شکایات پر محکمہ لوکل گورنمنٹ میں آپریشن کلین اپ شروع کیا ہے،ہٹائے گے ملازمین کی بد اعمالیوں نے محکمے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا۔ جائز کام کروانے کے لیے عوام کو لوٹنے والوں کا محاسبہ ہوگا، کوشش ہے کہ محدود اختیارات سے قطع نظر بلدیہ کے تمام اداروں کو کرپشن فری بنایا جائے۔