نگران وزیراعلیٰ کا دورہ سیالکوٹ: ہسپتال کی ابترحالت پر اظہار برہمی

Sep 06, 2023 | 11:51 AM

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سیالکوٹ پہنچ گئے۔ جہاں انہوں نے علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال، رنگ پورہ تھانہ اور سیالکوٹ سمبڑیال روڈ کا 4 گھنٹے طویل دورہ کیا۔ 

تفصیلات کے مطابق دورے کے دوران ہسپتال کی ابتر حالت پر وزیراعلیٰ شدید برہم ہوئے۔ ہسپتال میں موجود مریضوں اور ان کے ساتھ آئے تیمارداروں نے شکایات کے انبار لگا دیے۔ جس میں ہسپتال میں گندی اورخون آلودبیڈ شیٹس، میٹرس میں کھٹمل، وارڈز میں رینگتے لال بیگ، کیڑے، سیم زدہ دیواریں، ناقص صفائی، واش رومزکی ابتر صورتحال اور ہسپتال گارڈز کا مریضوں اور تیمارداروں سے ناروا سلوک اور پیسے لینے کی شکایات شامل تھیں۔ 

وزیراعلیٰ محسن نقوی ہسپتال میں سہولتوں کے فقدان اور خراب صورتحال دیکھ کر شدید برہم ہوئے۔ انہوں نے پرنسپل اور ایم ایس کو وارننگ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ہسپتال کی صورتحال کو فوری طور پر درست کیا جائے اورمریضوں کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے۔ 

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایمرجنسی،سی ٹی سکین روم،بچہ وارڈ،میڈیکل وارڈ،سرجیکل وارڈ،ٹی این ٹی وارڈ،نیفرالوجی وارڈاوردیگر وارڈز کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیر اعلی فردا فردا مریضوں کے پاس گئے۔ عیادت کی اورطبی سہولتوں کے بارے دریافت کیا۔ 

وزیر اعلی محسن نقوی کی بچہ وارڈ میں زیر علاج 4 سالہ بچی حیا فاطمہ کو فوری طورپر خصوصی ایمبولینس میں چلڈرن ہسپتال شفٹ کرنے کی ہدایت کردی۔ اس موقع پر انہوں نے بچی کے تیمارداروں کو دلاسہ دیا اور سیکرٹری صحت کو بچی کے بہترین علاج معالجے کی ہدایت کی۔ 

انہوں نے بچہ وارڈ میں موجود ایک خاتون کی شکایت پر پیسے لینے والے پولیس اہلکار اور ہسپتال گارڈ کے خلاف فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس نے پولیس اہلکار اور ہسپتال گارڈ کو فوری گرفتار کیا۔ دونوں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی شروع کردی گئی۔ خاتون نے رقم کی واپسی اور فوری داد رسی پر وزیر اعلی محسن نقوی کو دعائیں دیں۔ 

وزیراعلیٰ محسن نقوی ہسپتال کے دورے کے بعد رنگ پورہ تھانہ پہنچے جہاں انہوں نے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے فرنٹ ڈیسک پر شہریوں کی درخواستوں پر کارروائی کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے حوالات میں بند ملزمان سے ان کے کیسز کے بارے میں پوچھا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تھانے میں صفائی کے انتظامات کی تعریف کی۔ 

وزیر اعلی محسن نقوی نے سیالکوٹ سمبڑیال روڈ کا بھی وزٹ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے سیکرٹری تعمیرات ومواصلات کو سڑک کی جلد تعمیر و بحالی کیلئے ہدایات دیں۔ انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹری صحت،سیکرٹری تعمیرات و مواصلات،ڈپٹی کمشنر،ڈی پی او سیالکوٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ 

مزیدخبریں