یوم دفاع پاکستان: مریم نواز کا شہداء اور غازیوں کو سلام عقیدت

یوم دفاع پاکستان: مریم نواز کا شہداء اور غازیوں کو سلام عقیدت
کیپشن: Pakistan Defense Day: Maryam Nawaz salutes martyrs and Ghazis

ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے یوم دفاع پاکستان کے موقع پر شہدا اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کیا ہے۔ 

اپنے بیان میں انہوں ںے کہا ہے کہ 6 ستمبر 1965 ایسا تاریخی اور یادگار دن ہے جب طاقت کے نشے میں چور کئی گنا بڑے دشمن کو وسائل اور تعداد میں کہیں کم ایک قوم نے ناکوں چنے چبوا دیے تھے۔

سمندر، صحرا، فضا، فلک بوس چوٹیوں اور میدانوں میں، ہر جگہ، ہر محاذ پر ہماری افواج نے شجاعت اور بہادری کے وہ کارنامے دکھائے جس نے دشمن کو عبرت کی مثال بنا دیا تھا۔

افواج پاکستان اور متحد عوام مل کر پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بناتے ہیں۔ اس اتحاد پر ضرب لگانا، پاکستان کے دشمنوں کا اصل منصوبہ ہے جسے ہم نے مل کر ناکام بنانا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ دشمن کی اس رشتے میں دراڑ ڈالنے کی مذموم کوشش، حسرت ناتمام ہی رہے گی،ان شاءاللہ۔ شہداء کے تقدس اور احترام پر قوم نے کبھی سمجھوتہ کیا نہ کرے گی۔ قوم شہداء کی قربانیوں اور ان کے احترام کی وارث ہے۔ شہداء کا تقدس اور احترام ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

9 مئی جیسے سیاہ واقعات دشمن کی سازش کا حصہ ہے جسے قوم برداشت نہیں کرے گی۔ مضبوط افواج، امن معاشی بحالی کے ضروری تقاضے ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہماری افواج عظیم قربانیاں دے رہی ہیں۔ عوام اور افواج پاکستان کے مضبوط رشتے میں دشمن کو دراڑ نہیں ڈالنے دیں گے۔ 

نوجوانوں کو جنگ ستمبر کے قومی جذبے سے ہم کنار کریں گے، دشمن کی منفی سوچ سے اپنے نوجوانوں کے ذہنوں کو بچائیں گے۔ شہیدوں، غازیوں کو وطن کی ہوائیں سلام کہتی ہیں۔