ایک نیوز:سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہےکہ 6 ستمبر ہمیں افواج پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے اور یوم دفاع پاکستان پر شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔
تفصیلا ت کے مطابق جنگ ستمبر عوام اور فوج کے دفاع وطن کے لئے ایک جان ہوکر لڑنے کی سنہری تاریخ کا یادگار دن ہے،یہ وہی دن ہے جب پاکستان کے شیر دلیر عوام اور افواج نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو دھول چٹا دی تھی،پاکستان کی فضائیہ، بحریہ اور بری افواج نے جنگ ستمبر میں اپنی بے مثال شجاعت، بہادری اور پیشہ ورانہ لیاقت ومہارت کا لوہا منوایا۔آج کے دن قوم شہداء کو خصوصی سلام عقیدت پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی جانیں قربان کرکے ارض پاک کی بقاء اور سلامتی کو یقینی بنایا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ جب دشمن نے للکارا تھا تو پوری قوم ہر طرح کی تقسیم مٹا کر ایک ہو گئی تھی، آج ایک بار پھر اسی طرح پاکستان کے لئے ایک ہونے کی ضرورت ہے،جنگ ستمبر سبق ہے کہ قوم کا اتحاد، مظبوط فوج اور معاشی ترقی ہی ہماری بقاء کا راستہ ہے،آج ایک بار پھر جنگ ستمبر کے جذبے، اتحاد اور عزم کی ضرورت ہے،جنگ ستمبر کے جذبے، اتحاد اور عزم سے پاکستان کے دفاع، ترقی اور معاشی خوشحالی کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے ،اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور پاکستان کے لئے قربانیاں دینے والوں کو اجر عظیم عطا فرمائے۔ آمین۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری
گورنر سندھ کا کہنا ہےکہ پاک فوج کے شہداء قوم کا فخر ہیں۔6 ستمبر 1965 کو پاک فوج نے دشمن ملک کے ناپاک عزائم کوخاک میں ملادیا تھا۔عوام کی قربانیاں بھی ناقابل فراموش ہیں کہ جو اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑے رہے۔ یوم دفاع ہماری تاریخ میں سنگ میل حیثیت رکھتا ہے۔9 مئی کے واقعات کے تناظر میں یوم دفاع کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ آئیے آج عہد کریں کہ وطن عزیز کے دفاع اور استحکام کی خاطر ہم بھی کسی قربانی سےدریغ نہیں کریں گے۔
مریم اورنگزیب
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جنگ ستمبر کے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے عزم و ہمت اور لازوال قربانیوں سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دئیے تھے۔عوام نے جنگ ستمبر میں اپنا مخلصانہ اور تاریخی کردار ادا کیا جو ناقابل فراموش ہے۔ عوام اور افواج کا اتحاد وہ طاقت ہے جسے دشمن ہمیشہ کمزور کرنے کی کوشش کرتا ہے کیونکہ قوم اور افواج جب تک متحد اور یک جان ہیں،بڑے سے بڑے دشمن سے ہم جیت جائیں گے۔ دشمن یہی چاہتے ہیں کہ پاکستان تقسیم اور انتشار کا شکار ہو جائے۔ قوم کو جنگ ستمبر کے جذبے سے درپیش مشکلات کو شکست دینی ہے اور مل کر آگے بڑھنا ہے۔ اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے جنہوں نے اپنی جانیں قربان کرکے مادر وطن کی آزادی، خودمختاری اور حفاظت کا مقدس فرض نبھایا۔ قوم اپنے ان بہادر بیٹوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے جو آنے والی نسلوں کے لئے اپنا آج قربان کرتے ہیں۔
جنگ ستمبر کے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے عزم و ہمت اور لازوال قربانیوں سے دشمن کے عزائم خاک میں ملا دئیے تھے۔ عوام نے جنگ ستمبر میں اپنا مخلصانہ اور تاریخی کردار ادا کیا جو ناقابل فراموش ہے۔ عوام اور افواج کا اتحاد وہ طاقت ہے جسے دشمن ہمیشہ کمزور کرنے کی…
— Marriyum Aurangzeb (@Marriyum_A) September 6, 2023
حمزہ شہباز شریف
6 ستمبر یوم دفاع پر سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مادر وطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کیلئے شہدا کی عظیم قربانیاں ناقابل فراموش ہیں،آج کا دن ہمیں پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کے جذبے اور بہادری کی یاد دلاتا ہے،جنگ ستمبر میں مسلح افواج نے بلاخوف و خطر اپنے سے بڑے دشمن کا مقابلہ کیا،قوم اور مسلح افواج نے ثابت کیا کہ جذبہ، ولولہ اور جرأت و بہادری سے ہر دشمن کو شکست دی جا سکتی ہے، یوم دفاع اس امر کی یاد ہے کہ ہم امن کو مقدم رکھتے ہیں لیکن کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے۔