ایک نیوز نیوز: دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی میچ فائنل فور مرحلے میں سری لنکا نے بھارت کو 6 وکٹ سے شکست دیدی ہے۔ جس کے ساتھ ہی بھارت فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا ہے۔
سری لنکن کپتان داسن شانکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو بیٹنگ کی دعوت دیدی۔بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز سکور کیے۔ کپتان روہت شرما نے 72 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ سری لنکا نے 174 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا۔ کوشل مینڈس 57 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
بھارت کی بیٹنگ ابتداء میں ہی لڑکھڑا گئی۔ کے ایل راہول 7 بال پر 6 رنز جبکہ ویرات کوہلی 4 بال کھیل کر بغیر کسی رن کے آؤٹ ہوگئے۔ بھارتی بلے بازوں میں سوریا کمار یادیو34، ہاردیک پانڈیا اوررشبھ پنت 17،17 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مادوشنکا نے 3، کرونارتنے اور کپتان داسن شانکا نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا کیجانب سے بیٹنگ کا آغاز بہت پراعتماد رہا۔ اوپننگ پارٹنز شپ 97 رنز کی رہی، جس کا اختتام چاہل نے کیا۔ ناسانکا نے 52 رنز کی باری کھیلی، اسالانکا صفر پر پویلین لوٹ گئے، گوناتھیکلے بھی ایک سکور بنا کر چلتے بنے۔ مینڈس نے 57 سکور کیے۔ سری لنکا نے آخری اوور میں ایک گیند قبل ہی ہدف حاصل کرلیا۔
سری لنکن ٹیم کا وننگ کمبی نیشن برقرار رکھا گیا ہے جبکہ بھارتی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے روی ایشون کو فائنل الیون میں جگہ دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سری لنکا اور بھارت دونوں فائنل فور مرحلے میں اپنا دوسرا میچ کھیل رہے ہیں۔ سری لنکا نے اپنے میچ میں افغانستان کو شکست دی جبکہ بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
سپر فور کی ٹاپ ٹو ٹیموں کے مابین فائنل 11ستمبر کو کھیلا جائے گا۔