ایک نیوز نیوز: یوم دفاع آج ملک بھر میں بھرپور جوش اور جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ آج مسلح افواج کے ہیروز اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منقعد ہوئی ۔ گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب میں پاک فضائیہ کی جانب سے 60 مرد اور 5 خواتین کیڈٹس نے شرکت کی تھی۔ پاکستان ائیرفورس اصغر خان اکیڈمی کے چاق وچوبند دستے کی جانب سے مزار قائد پر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے گئے ہیں۔کراچی کے علاوہ ملک بھر کے دیگر شہروں میں بھی تقریبات منعقد ہوئی ہیں۔
ائیر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔ ائیر وائس مارشل محمد قیصر جنجوعہ نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے اور پریڈ کا معائنہ کیا جس کے بعد مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔
یوم دفاع پرڈی جی رینجرز پنجاب میجرجنرل سید آصف حسین نے بھی شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار اقبال پر حاضری دی۔ میجرجنرل سید آصف حسین نے مزاراقبال پر فاتحہ خوانی کی۔
6 ستمبر 1965 کی جنگ میں قومی ہیروز اور شہیدوں نے جرأت و بہادری کی لازوال داستانیں رقم کی تھی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائیں گی۔ 1965 کی جنگ میں بھارت کو ہر محاذ پر منہ کی کھانی پڑی تھی۔