ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ کے دستبردار ہونے سے متعلق چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ وسیم خان نے کہا کہ پی سی بی مصباح الحق کے فیصلے کا احترام کرتا ہے انہوں نے 24 ماہ میں پاکستان کرکٹ کےلیے بہت محنت کی۔وسیم خان نے بولنگ وقار یونس کے عہدے سے دستبردار ہونے کے فیصلے کو جرات مندانہ فیصلہ قرار دیا۔
چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے آگاہ کیا کہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کیلئے ٹیم مینجمنٹ کا اعلان مناسب وقت پر ہوگا فی الحال ثقلین مشتاق اور عبدالرزاق عبوری کوچز کی ذمہ داری نبھائیں گے، دونوں سابق کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ سیریز کےلیے تعینات کیا گیا ہے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے مستعفی ہونے کے فیصلے پر کہا کہ جانتا ہوں یہ آئیڈیل وقت نہیں لیکن اب اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں۔ سابق ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ جمیکا میں قرنطینہ کے دوران کے 24 ماہ کی کارکردگی کا جائزہ لیا جس سے اس نتیجے پر پہنچا ہوں کہ فی الحال ایسے فریم آف مائنڈ میں نہیں کہ چیلنجز سے نبرد آزما ہو سکوں۔
عہدوں سے دستبردار ہونے سے متعلق وقار یونس نے کہا کہ مصباح الحق نے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا تو میں نے بھی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا لیکن پاکستان کے نوجوان بولرز کے ساتھ کام کرنے پر بہت مطمئن ہوں۔