افغان طالبان نے پنجشیر وادی کو فتح کرلیا : ذبیح اللہ مجاہد

Sep 06, 2021 | 10:44 AM

admin
کابل : طالبان نے کابل کے شمال میں وادی پنجشیر پر قبضہ کر نے کا دعویٰ کیا ہے، ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ کچھ باغی ہلاک اورباقی تمام فرار ہوگئے۔

افغان میڈیا کے مطابق ترجمان افغان طالبان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ افغان طالبان نے پنجشیر وادی کو فتح کرلیا ہے، علاقے پر قبضے کے بعد جنگ اب ختم ہوگئی۔طالبان ترجمان نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہمارا کنٹرول اب سارے افغانستان پر ہوچکا ہے، مسائل پیدا کرنے والوں کو شکست ہوچکی ہے اور اب وادی پنجشیر ہماری کمان میں ہے۔

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ پنجشیر میں کچھ باغی ہلاک اور باقی تمام فرار ہوگئے، پنجشیرکےعوام ہمارےبھائی ہیں، انتقامی کارروائی نہیں ہوگی، ہم سب مل کر ملکی ترقی اور خوشحالی کےلئےکام کریں گے۔

گزشتہ روز یہ کہا جارہا تھا کہ طالبان فوجی پنجشیر کی سمت پیشرفت کر رہے ہیں اور انہوں نے گورنر آفس کی طرف پیش قدمی کی ہے۔سابق نائب صدر امر اللہ صالح نے جو طالبان کی شدید مخالفت کر رہے ہیں میڈیا کو بتایا کہ ان کے ملک سے فرار ہوجانے کی اطلاع غلط ہے اور وہ افغانستان ہی میں موجود ہیں۔

دوسری جانب پنجشیر میں طالبان کی فتح کے دعوؤں پر کابل میں جشن منایا گیا، یہاں زبردست فائرنگ کرتے ہوئے پنجشیر کی کامیابی کا جشن منایا گیا، تاہم طالبان نے اس طرح کی فائرنگ سے گریز کی اپیل کی ہے۔ افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ فائرنگ کرکے خوشی کا اظہار کرنے کی بجائے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا جانا چاہئے۔

مزیدخبریں