آسٹریلیا کے کرکٹ فیسٹیول میں شرکت پر خوشی ہے:یونس خان 

Oct 06, 2024 | 12:23 PM

ایک نیوز(چودھری اشرف) پاکستان کے سابق کپتان یونس خان نےکرکٹ آسٹریلیا کے سمر فیسٹیول میں شرکت کی، سمر فیسٹیول میں آسٹریلیا کے معروف کرکٹرز گلین میکسویل ، ڈیمین فلیمنگ اور جیک فریزر میگرگ نے بھی شرکت کی۔
 یونس خان نے سمر فیسٹیول کے موقع پر میڈیا سے بھی گفتگو کی،گفتگو میں یونس خان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے کرکٹ فیسٹیول میں شرکت پر خوشی ہے،یہاں میکسویل اور فلیمنگ بھی موجود ہیں، میری بڑی خواہش تھی کہ میں ڈیمین فلیمنگ کے خلاف کھیلتا،آسٹریلیا، انڈیا کی سیریز بہترین ہو رہی ہے، انڈیا کے بالرز نے اپنی کارکردگی میں بہتری دکھائی ہے، آپ میچز بالرز کی مدد سے جیتتے ہیں،مجھے یقین ہے کہ بھارت کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا بہتر کارکردگی دکھائے گا۔
یونس خان نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے انڈیا کو پاکستان آنا چاہیے، جب ہم انڈیا گئے تو ہماری فین فالوونگ میں بہت اضافہ ہوا،پاکستانی شائقین انڈین سٹارز، جیسے ویرات کوہلی، کو دیکھنے کے خواہشمند ہیں، انڈیا کو اس لیے بھی آنا چاہیے،کبھی کبھی ہم کھلاڑیوں پر ضرورت سے زیادہ توقعات کا بوجھ ڈال دیتے ہیں،ہمیں امیدیں قائم کرنی چاہئیں اور کھلاڑیوں کو پرسکون رکھنا چاہئے۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ کپتانی کے حوالے سے جلدبازی میں فیصلہ نہ کریں، آپ کے پاس وقت ہےوہ فیصلہ کریں جو سب کے لیے بہتر ہو، پاکستان کرکٹ ٹیم کو پریشر میں اچھا کھیل پیش کرنے کا آرٹ سیکھنا ہوگا،ہمیں تیز رفتار فاسٹ بولرز کی ضرورت ہے اور اچھے آل راؤنڈرز کی بھی ،ہمارے بولرز کو صرف ٹی ٹین اور ٹی ٹونٹی پر توجہ نہیں دینی چاہیے، طویل فارمیٹس بھی کھیلنے چاہئیں۔    

مزیدخبریں