ایک نیوز :نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ترکیہ کے قونصل جنرل کی ری پبلک آف ترکیہ کے 100سالہ جشن کی تقریب میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔ مزید گرمجوشی کیلئے میئر استنبول کو دورہ لاہور کی دعوت دیدی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی سے لاہور میں تعینات ترکیہ کے قونصل جنرل درمش باشتو (Mr. Durmus Bastug) نے ملاقات کی۔ باہمی دلچسپی کے امور،دوطرفہ تعاون کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ترکیہ کے قونصلیٹ کوسی بی ڈی ڈپلومیٹک انکلیو میں منتقل کرنے کی پیشکش کی ۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کاکہنا تھاکہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے ایک دوسرے کے تجربات،مشاہدات اور مہارت سے مستفید ہوں گے۔ دہشت گردی مشترکہ مسئلہ ہے،خاتمے کے لئے باہمی تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔ ترکیہ اور پنجاب کے عوا م کے لئے معاشی حوالے سے بہت سی اچھی خبریں منتظر ہیں۔ترک رہنماؤں سے منسوب لاہور اور مظفر گڑھ میں مختلف سڑکیں اور ہسپتال باہمی محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
محسن نقوی کاکہنا تھاکہ ترکش بزنس مین پنجاب میں سرمایہ کاری کریں،تمام سہولتیں مہیا کریں گے۔
قونصل جنرل درمش باشتو نے وزیراعلی محسن نقوی کی میزبانی کا شکریہ ادا کیا ۔
قونصل جنرل کاکہنا تھاکہ ترکیہ اور پاکستان کے معاشی روابط کو مضبوط اور تجارت کومزید بڑھانا چاہتے ہیں۔ گڈ ٹریڈ ایگریمنٹ کر چکے ہیں،باہمی تجارت5بلین ڈالر تک لے جائیں گے۔
ملاقات میں صوبائی وزراء عامر میر،اظفرعلی ناصر،انسپکٹر جنرل پولیس،سیکرٹری پی اینڈ ڈی،کمشنرلاہور ڈویژن،ڈپٹی کمشنر اوردیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔