روس: ایٹمی توانائی سے چلنے والے پہلے کروزمیزائل 'آسمانی آفت' کا کامیاب تجربہ

روس: ایٹمی توانائی سے چلنے والے پہلے کروزمیزائل 'آسمانی آفت' کا کامیاب تجربہ
کیپشن: Russia: Successful test of first nuclear-powered cruise missile 'Sky Calamity'

ایک نیوز: روس نے نیوکلیئر پاورڈ انجن سے چلنے والے کروز میزائل "آسمانی آفت” کا کامیاب تجربہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جو غیر معمولی وقت تک پرواز کرسکتا ہے اور جس کی رینج لامحدود ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق یہ ایٹمی توانائی سے چلنے والا دنیا کا پہلا کروز میزائل ہے جو ایٹمی جنگ کے دوران سیکنڈ اسٹرائیک کیلئے استعمال کرنے کے مقصد کے تحت تیار کیا گیا ہے اور دنیا کے کسی بھی حصے تک مار کر سکتا ہے۔ 

اس میزائل کو چونکہ روایتی ایندھن کی ضرورت نہیں اور ایک انتہائی جدید ایٹمی توانائی والی موٹر سے چلتا ہے۔ اس لیے دوران پرواز اس کا ایندھن ختم ہونے کا کوئی ڈر نہیں ہو گا۔ ایک بار لانچ کیے جانے کے بعد یہ آسمان پر انتہائی اونچی پرواز کرتے ہوئے کسی فضائی دفاعی میزائل سسٹم کی رینج میں نہیں آئے گا اور اپنے ہدف پر پہنچ کر اپنے ایٹمی وار ہیڈ کو کسی شہاب ثاقب کی طرح زمین پر گرائے گا۔ 

یہی وجہ ہے کہ امریکہ اور نیٹو کی فوج نے اس روسی میزائل کا نام سکائی فال (آسمانی آفت) رکھا ہوا ہے جبکہ خود روس نے اس میزائل کا نام "بیورفنسک کروز میزائل” رکھا ہے جو ایک ایسے سمندری پرندے کے نام سے لیا گیا ہے کہ جو انتہائی سخت موسمی حالات میں انتہائی طویل فاصلوں تک مسلسل پرواز کر سکتا ہے۔ 

اس غیر معمولی میزائل تجربے کی کامیابی کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ روس نے ایٹمی دھماکوں پر پابندی کا عالمی معاہدہ توڑنے کی دھمکی بھی دیدی ہے اور کہا ہے کہ سرد جنگ میں سوویت یونین کی شکست کے بعد امریکہ نے 1990 کے عشرے میں یہ کہہ کر روس کے ساتھ کیے گئے معاہدے توڑ دیے تھے کہ اب دنیا میں طاقت کا توازن بدل گیا ہے۔ اس لیے ہم بھی کوئی نیا کام نہیں کر رہے جو امریکہ کرتا آیا ہے۔ وہی کر رہے ہیں اور اس آئینے میں بین الاقوامی معاہدوں کے احترام کے حوالے سے اسے اپنا ہی عکس دیکھنے کو ملے گا۔

تجرباتی جوہری کروز میزائل آسمانی آفت کا کامیابی سے تجربہ کرنے کا باضابطہ اعلان روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے کیا اور ساتھ ہی یہ انتباہ بھی کیا کہ ان کے ملک کی پارلیمنٹ جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدے کی اپنی توثیق کو منسوخ کر سکتی ہے۔

روس کے شہر سوچی میں خارجہ پالیسی کے ماہرین کے ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے پوٹن نے اعلان کیا کہ روس نے "بیورفنسک کروز میزائل” آسمانی آفت اور بھاری بین البر اعظمی بیلسٹک میزائل سرمت ( شیطان 2) کی تیاری کو موثر طریقے سے مکمل کر لیا ہے اور وہ اب ان کی پروڈکشن پر کام شروع کرے گا۔