ایک نیوز: بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور کو سمن بھیجنے کے بعد انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے کامیڈی کنگ کپل شرما، بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی اور ٹی وی اداکارہ حنا خان کو بھی طلب کر لیا ہے جبکہ فہرست میں پاکستانی گلوکار عاطف اسلم، راحت فتح علی خان بھی شامل ہے۔
رپورٹ کےمطابق ای ڈی نے ان سبھی کو ’مہادیو بک‘ آن لائن بیٹنگ ایپ معاملے میں سمن بھیجا ہے۔ اس سے سبھی اداکاروں کی پریشانیاں بڑھتی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔ رنبیر کپور کو ای ڈی نے 6 اکتوبر کو 36گڑھ کے رائے پور واقع ایجنسی دفتر میں پیش ہونے کے لیے کہا تھا لیکن رنبیر نے ای ڈی کو ایک ای میل کر 2 ہفتے کا وقت مانگا ہے۔ اس کے پیچھے رنبیر نے کچھ ذاتی اسباب بتائے ہیں اور کچھ کمٹمنٹس کا بھی حوالہ دیا ہے۔
مہادیو ایپ معاملے میں صرف رنبیر کپور، ہما قریشی، حنا خان اور کپل شرما ہی نہیں، بلکہ ٹی وی اور بالی ووڈ انڈسٹری کی کئی دیگر ہستیوں کا نام بھی سامنے آ رہا ہے۔ اس فہرست میں سنی لیونی، پاکستانی گلوکار عاطف اسلم، راحت فتح علی خان، بالی ووڈ گلوکارہ نیہا ککڑ، موسیقار وشال ڈڈلانی کا بھی نام شامل ہے،فی الحال آفیشیل طور پر رنبیر، ہما، حنا اور کپل کو ہی ای ڈی کے ذریعہ طلب کیا گیا ہے۔
ای ڈی نے مذکورہ مشہور ہستیوں کو اس لیے طلب کیا ہے کیونکہ وہ آن لائن گیمنگ ایپ معاملے میں ملزم سوربھ چندراکر کی شادی میں شریک ہوئے تھے۔ سوربھ پر حوالہ کے ذریعہ مشہور ہستیوں کو پیسے دینے کا الزام ہے۔بالی ووڈ کی کئی ہستیاں اس سال کے شروع میں فروری ماہ میں مہادیو بک ایپ پروموٹر سوربھ چندراکر کی شادی میں شامل ہونے دبئی پہنچے تھے، اس شادی میں 200 کروڑ روپے خرچ کیا گیا تھا۔ دبئی سے کام کرنے والی چندراکر اور روی اپل کی ملکیت والی کمپنی مبینہ طور پر نئے صارفین کو نامزد کرنے، یوزر آئی ڈی بنانے اور منی لانڈرنگ کیلئے بے نامی بینک کھاتوں کے ایک ویب کے ذریعہ سے آن لائن بک سٹے بازی ایپلیکیشن کا استعمال کررہی تھی ۔ ایک اندازے کے مطابق فراڈ کی رقم 5000 کروڑ روپے تک ہو سکتی ہے اور اس میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔