کراچی: کوسٹ گارڈز، رینجرزکی مختلف کارروائیاں، 40 کروڑ کا ڈرائی فروٹ،منشیات برآمد

کراچی: کوسٹ گارڈز، رینجرزکی مختلف کارروائیاں، کروڑوں کی منشیات اور دیگراشیاء برآمد
کیپشن: Karachi: Various operations of Coast Guards, Rangers, recovered drugs and other goods worth crores

ایک نیوز: پاکستان کوسٹ گارڈز اور رینجرز نے مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی منشیات، اشیائے خوردونوش اور دیگر اسمگل شدہ اشیاء برآمد کرلی ہیں۔

پاکستان کوسٹ گارڈز کی بلوچستان میں کارروائی:

ترجمان پاکستان کوسٹ گارڈز کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈز نے بلوچستان کے علاقے گوادر بندری میں کامیاب کارروائی کی ہے۔ جس میں ایک گاڑی سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کرلی گئی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ دوران گشت مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی گئی، جس پر ملزمان نے فرار کی کوشش کی اور تعاقب پر ملزمان گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ 

گاڑی سے743 کلوگرام چرس اور 57 کلوگرام میتھ (آئس)برآمد ہوئی ہے۔

رینجرز کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے کارروائیاں:

رینجرز کی جانب سے اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلہ میں رینجرز نے حب چوکی چیک پوسٹ اور اندرون سندھ جیکب آباد کی عبدالجبار چیک پوسٹ پر کارروائی کی۔ 

ترجمان رینجرز کے مطابق کارروائی میں 6050 لیٹر ایرانی تیل، سگریٹ، نان کسٹم پیڈ اشیائے خوردونوش کی بڑی مقدار برآمد کرلی گئی۔ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی 2گاڑیاں، ایک کنٹینر، 3 بس، 8 مزدا، 2 ٹرک اور ایک آئل ٹینکر بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ 

ترجمان نے بتایا کہ کارروائی میں 15 ملزمان کو بھی گرفتار کر لیا گیا، رینجرز نے مجموعی طورپر 70 سے زائد آپریشن کے دوران دو لاکھ 25 ہزار لیٹر سے زائد ایرانی تیل برآمد کیا، کارروائیوں میں متعددپمپس،موٹرز، جنریٹرز،49گاڑیاں،530 کلو انڈین گٹکا، سگریٹ اور چھالیہ سمیت بھاری مقدار میں دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ 

ترجمان کے بیان کے مطابق مختلف کارروائیوں میں 113 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، گرفتارملزمان کو ضبط شدہ سامان سمیت مزید قانونی کاروائی کے لیے کسٹم حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

40 کروڑ مالیت کے خشک میوہ جات اور مسالے برآمد:

کراچی میں عوامی حساس ادارے  نے چھاپہ مار کر ایران سے غیر قانونی طور پہ آنیوالا پستہ، کاجو، بادام، کھوپرا، الائچی، لونگ، گرم مسالہ، آلو بخارہ، خوبانی وغیرہ برآمد کرلیں۔ 

کسٹم زرائع کے مطابق کاجو پستہ کھوپرا وغیرہ 40 کروڑ مالیت کا تھا جو ایرانی سرحد سے کراچی پہنچ گیا۔