عمران خان سر سے پاؤں تک فراڈیہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف

عمران خان سر سے پاؤں تک فراڈیہ ہے، وزیراعظم شہباز شریف

ایک نیوز نیوز: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں یہ لفظ استعمال نہیں کرسکتا مگر عمران نیازی سر سے پاؤں تک فراڈیا ہے۔آڈیو لیک کی شفاف تحقیقات سے قوم کو آگاہ کردوں گا۔آرمی چیف کی تعیناتی قانون کے مطابق ہوگی۔

اسلام آباد  میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے  وزیراعظم شہباز شریف نےعمران خان  پر تنقید کے نشتر چلا دیئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ آڈیو لیک میں عمران خان نے کہا ہم نے کھیلنا ہے، امریکا کا نام نہیں لینا۔ پہلے دن میری آڈیو لیک ہوئی، اگلے دن ایک اور آڈیو لیک ہوگئی۔ اگر میں نے کسی اور کی آڈیو لیک کرنا تھی تو اپنی کیوں کرتا ؟  یہ فراڈیا ہے ، فراڈیا ہے ، میں قسم اٹھا کر کہتا ہوں فراڈیا ہے۔

شہباز شریف نے انکشاف کیا کہ آڈیو لیک کے 2 دن بعد دوست ملک کے سفیر مجھ سے ملنے آئے،وہ مجھے ایک طرف لے گئے کہ میں نے آپ سے بات کرنی ہے۔ کون اب وزیراعظم ہاؤس آکر اعتماد کیساتھ بات کرسکے گا، دوست ممالک کا یہ رویہ ہے تو دوسرے ممالک کا کیا رویہ ہوگا ؟یہ پتھر دل انسان ہیں ان کو کوئی خیال نہیں آیا ؟غلط بات کروں تو قوم میرا گریبان پکڑسکتی ہے۔

صحافی کے سوال پر  شہباز شریف نے کہا آرمی چیف کی تعیناتی کا مہنگائی سے کیا تعلق ؟ آرمی چیف کی تقرری کا طریقہ کار آئین میں درج ہے، آپ پریشان نہ ہوں۔ آرمی چیف کی تعیناتی آئین و قانون کیمطابق ہوگی۔ اگر عمران خان پاکستان پر دوبارہ مسلط ہوا تو وہ پاکستان اور اداروں کو تباہ کردے گا۔ 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے سیاست کو داؤ پر لگا کر ریاست کو بچایا۔  اگر وطن کو ضرورت پڑی ہے تو میں گھٹنوں کو بھی ہاتھ لگا دوں گا۔ عمران خان نے ریاست پاکستان کیخلاف غداری کی سازش کی ہے۔  لانگ مارچ کے نام پر کسی کو اجازت نہیں ہوگی کہ قانون ہاتھ میں لے۔

وزیراعظم نے مزید کہا ڈالر نیچے گیا ہے اور روپیہ اوپر گیا ہے۔ اگر میری رشوت دینے کی آفر ثابت ہوجائے تو سیاست چھوڑ دوں گا۔ نوازشریف کو جب ڈاکٹرز اجازت دیں گے تو واپس آئیں گے۔

شہبازشریف نے کہا 2018  کے الیکشن کے بعد ہم بطور احتجاج پارلیمنٹ میں آئے تھے ۔ اگر ہم پارلیمنٹ میں اس کا ہاتھ روکنے کیلئے نہ ہوتے تو خدا جانے کیا ہوجاتا ۔ اسی دن عمران خان ٹی وی پر نمودار ہوئے اور کہا میں اسمبلی توڑ رہا ہوں۔صدر نے 20 منٹ میں اسمبلیاں توڑنے کی سمری منظور کی۔ ہماری سمریاں صدر کے پاس مہینوں سے پڑی ہیں۔