ایک نیوز نیوز: کیا آپ ماحول کو صاف رکھنے کےلئے گاڑی ترک کرنے کےلئے تیار ہیں، لیکن آپ کو پریشانی ہوگی کہ ادھر ادھر کیسے جائیں گے؟
تو آئیے آپ کو دنیا کے ایک ایسے شہرکے بارے میں بتاتے ہیں، جس میں کسی بھی جگہ جانے کے لیے گاڑی کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ پیدل چل کر ہی ہر کونے پر پہنچنا ممکن ہوگا۔
ایسا شہرکویت میں تعمیرکیا جائےگا اوراس کا مقصد گاڑیوں کے استعمال میں کمی لانا ہے تاکہ ماحول دوست طرز زندگی کو فروغ دیا جاسکے۔
اس شہر کو ایکس زیرو کا نام دیا گیا ہے اور اس میں ایک لاکھ افراد کی رہائش کا انتظام کیا جائے گا۔
تعلیم، تفریح اور طبی سہولیات کے مراکز شہر کے مرکزی علاقے میں قائم کئے جائیں گے۔
متحدہ عرب امارات کی کمپنی یو آر بی نے اس شہر کا ڈیزائن تیار کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق اس شہر میں ماحول دوست طرز زندگی کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔
کمپنی نے بتایا کہ ماحول دوست شہروں کی تعمیرموسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ضروری ہوگئی ہے۔
کمپنی کے مطابق ایکس زیرو میں ایسے تمام عوامل کو مدنظر رکھا گیا ہے جو سماجی، معاشی اور ماحولیاتی استحکام کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔
لاگت کی بات کی جائے تو اس شہر کی تعمیر پر 15 ارب ڈالرز کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ اس شہر کی تعمیر کا آغاز 2024 میں شروع ہوسکتا ہے جبکہ اسے 2034 تک مکمل کیا جائے گا۔
یہ دنیا کا سب سے واک ایبل شہر ہوگا جس کے لیے واکنگ نیٹ ورکس کو تعمیر کیا جائے گا۔
تمام نیٹ ورکس کو ماحول دوست ٹرانسپورٹ جیسے سائیکلنگ سے منسلک کیا جائے گا تاکہ وہاں رہنے والے شہر کے کسی بھی حصے کا سفر آسانی سے کرسکیں۔
شہر میں سائیکلنگ اور رننگ ٹریکس کے لیے 22 میل کا رقبہ مختص کیا جائے گا۔
مجموعی طور پر یہ شہر 1600 ایکڑ رقبے پر تعمیر کیا جائے گا جس کے لیے کویت کے جنوبی خطے میں زمین مختص کی جائے گی۔