مریم نواز کا قطر میں قیام طویل ، دی گئی تاریخ پر لندن نہ پہنچ سکیں

Oct 06, 2022 | 15:52 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز نیوز: مسلم لیگ نواز  ن کی نائب صدر مریم نواز شریف  دی گئی تاریخ پر لندن   نہ پہنچ سکیں ۔ لیگی رہنما کے  قطر میں قیام نے لندن تک کا سفر طویل کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف کو بدھ 5 اکتوبر کو لاہور سے بذریعہ دوحہ لندن جانا تھا، تاہم پلان میں تبدیلی کے بعد انہوں نے قطر آمد پر مختصر قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ قطر میں قیام کے دوران مریم نواز شریف نے اپنے صاحبزداے جنید صفدر سے ملاقات کی۔

دوحا میں قیام کے دوران مریم نواز شریف نے سابق سینیٹر اور قومی احتساب بیورو کے سابق سربراہ سیف الرحمان کی رہائش گاہ پر قیام کیا۔ پلان میں تبدیلی کے بعد اب مریم نواز شریف صاحبزادے جنید صفدر اور بہو کے ہمراہ لندن پہنچیں گی۔

مریم نواز شریف نجی ایئر لائن قطر ایئر ویز کے ذریعے لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر اتریں گی۔

واضح رہے کہ خاندان کا کوئی فرد مریم کیساتھ لندن نہیں گیا ہے، صرف نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان مریم نواز کے ہمراہ لندن روانہ ہوئے ہیں۔

روانگی سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ انتظار نہیں ہورہا تھا کہ کب طیارہ لینڈ کرے اور وہ اپنے والد سے ملیں، میں نواز شریف کی آواز ہوں، ان سے ملاقات بہت خوشی کا دن ہے۔

خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز تقریباً ایک ماہ لندن میں قیام کریں گی جس کے بعد ان کا اپنے والد نواز شریف کے ہمراہ وطن واپس آنے کا امکان ہے۔ مریم نواز 6 نومبر کو پاکستان واپس آئیں گی۔

مریم نواز چار سال اور تقریبا تین ماہ بعد اپنے بھائیوں حسن اور حسین نواز سے ملیں گی۔ مریم نواز کے ہمراہ خاندان کا کوئی شخص نہیں جا رہا۔ مریم نواز نومبر 2019کے بعد اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کریں گئیں۔

مزیدخبریں