ایک نیوز :سکیورٹی فورسز کا خیبرکے علاقے تیرہ میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4اہلکارشہید،3دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق تیرہ میں انٹیلی جنس بیسڈآپریشن لیفٹیننٹ کرنل محمدحسن حیدرکی قیادت میں ٹیم کی موثرکارروائی کے دوران 3دہشتگردہلاک،3زخمی ہوئے۔فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل محمدحسن حیدر،نائیک خوشدل خان،نائیک رفیق خان اورلانس نائیک عبدالقادر شہید ہو گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ممکنہ طورپرموجوددہشتگردوں کےخاتمےکےلیے کلیرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسزدہشتگردی کےخاتمےکےلیےپرعزم ہیں بہادرجوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کومزیدتقویت دیتی ہیں۔
آئی ایس پی آر ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہونے والوں لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوشدل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدل کی نماز جنازہ اداکر دی گئی۔شہدا کو آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرخاک کیا جائے گا ۔ نماز جنازہ میں کور کمانڈر پشاور سمیت حاضر سروس افسران و جوانوں، سول افسران اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
صدرمملکت کا خراج عقیدت:
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا خیبر کے علاقے تیراہ میں آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے لیفٹینٹ کرنل محمد حسن، خوشدل خان ، رفیق خان اور عبدالقادر کو جان کا نذرانہ پیش کرنے پر قوم کی جانب سے خراج عقیدت پیش کیا۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کریں گے، شہداء قوم کا فخر ہیں۔
صدر مملکت نے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی۔
صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات کی دعا کی اور وطن کیلئے خدمات کو سراہا۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ضلع خیبر کے تیراہ میں دھشتگردوں سے مقابلہ کرتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل اور 3 فوجی جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے شہید ہونے والے لیفٹینیٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوش دل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقدیر کیلئے بلندی درجات کی دعا کی ۔
وزیراعظم کاکہنا تھاکہ پاک فوج کے جوانوں نے تیراہ میں وطن کی خفاظت کی خاطر جامِ شہادت نوش کیا. مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے. پاکستان سے دھشتگردی کے مکمل خاتمے تک اسکے خلاف جنگ جاری رکھیں گے ۔ملک کے امن کے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے.
نگران وزیرداخلہ سرفراز احمد بگٹی نے وادی تیراہ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت دیگر جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔
نگران وزیرداخلہ سرفراز احمد بگٹی کاکہنا تھاکہ کیورٹی فورسز نے بہادری سے لڑتے ہوئے تین دہشت گردوں کو انکے منطقی انجام تک پہنچایا۔ شہداء قوم کے اصل ہیرو اور وطن عزیز کی شان ہیں۔پوری قوم شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔سکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن کا خیبر ایجنسی وادی تیراہ میں سیکیورٹی فورسز کے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت کیا۔
گورنر پنجاب کاکہنا تھاکہ سکیورٹی فورسز کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنایا ۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے وادی تیراہ، خیبر میں سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی۔
شہبازشریف نے لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر اور دیگر شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا۔عظیم قربانیوں پر قوم کے بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ دہشت گرد پاکستان کے دشمن ہیں قوم کے بیٹے پاکستان کے دشمنوں کا صفایا کررہے ہیں۔
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کیا ۔اسپیکر کاکہنا تھاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ سکیورٹی فورسز دہشتگردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں انشاء اللہ مشترکہ کوششوں سے جلد دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کریں گے۔