ایک نیوز: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ میں اینٹی کرپشن پنجاب کے خلاف درخواست دائر کردی۔
تفصیلات کے مطابق فواد چودھری کی جانب سے ان کے بھائی ایڈووکیٹ فیصل چودھری نے درخواست دائر کی جس میں پنجاب حکومت اور ڈی جی اینٹی کرپشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اینٹی کرپشن کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں، سرکاری زمینوں پر قبضوں کے الزامات بے بنیاد ہیں، زمینیں پرائیویٹ لوگوں سے خریدی گئیں جن کے بیان حلفی موجود ہیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاسی بنیادوں پر فواد چودھری کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، اینٹی کرپشن پنجاب سابق وفاقی وزیر کو بلیک میل کررہا ہے۔
دریں اثنا فواد چودھری طلبی کے باوجود اینٹی کرپشن راولپنڈی میں پیش نہ ہو سکے،اینٹی کرپشن راولپنڈی کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری اسلام آباد پولیس کی تحویل میں ہیں،فواد چوہدری کے کزن نے بھی طلبی نوٹس پر رابطہ نہیں کیا،فواد چوہدری کی جانب سے عدم پیروی پر کارروائی کی جائے گی،فواد چوہدری پر زمینوں پر قبضوں اور اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام ہے۔