ایک نیوز: پاکستان تحریک انصاف کو ایک اور دھچکا لگ گیا۔ قومی اسمبلی سے ٹکٹ ہولڈر رہنما نے بھی عمران خان کا ساتھ چھوڑ دیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 قصور سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر ندیم ہارون خان نے عمران خان سے اظہار لاتعلقی کردیا ہے۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے 9 مئی کے واقعات پر شرمندگی کا اظہار کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعہ کے بعد ان کے لیے اور ان کے ساتھیوں کیلئے عملی سیاست جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔ کیونکہ وہ ذاتی طور پر سمجھتے ہیں کہ پہلے ریاست اور بعد میں سیاست ہونی چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے سیاست کو بھی الوداع کہتے ہوئے اعلان کیا کہ آج کے بعد ان کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں اور وہ کسی پلیٹ فارم سے بھی الیکشن نہیں لڑیں گے۔