اشتعال انگیز ٹویٹ:خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت پر FIAسےریکارڈ طلب

اشتعال انگیز ٹویٹ:خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت پر FIAسےریکارڈ طلب
کیپشن: اشتعال انگیز ٹویٹ:خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت پر FIAسےریکارڈ طلب

ایک نیوز: عدالت نے اشتعال انگیز ٹویٹ کیس میں خدیجہ شاہ کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے سے ملزمہ کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق اشتعال انگیز ٹویٹ کیس میں گرفتار تحریک انصاف کی رہنما خدیجہ شاہ نے لاہور کی سیشن کورٹ میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کردی ہے۔

خدیجہ شاہ نے اپنی وکیل سمیرا کھوسہ ایڈووکیٹ کی وساطت سے ضمانت کی درخواست دائر کی، ایڈیشنل سیشن جج محمد نواز نے درخواست پر سماعت کی۔

 درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ خدیجہ شاہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں، عدالت ایف آئی اے کے مقدمے میں ضمانت منظور کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے ایف آئی اے سے خدیجہ شاہ کا ریکارڈ طلب کرلیا اور درخواست پر سماعت 7 نومبر تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ خدیجہ شاہ پر 9 مئی کو اشتعال انگیز ٹویٹ کرنے کا الزام ہے، اور اس وقت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

3 نومبر کو خدیجہ شاہ کو اشتعال انگیز ٹویٹس کے مقدمے میں لاہور کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے ایف آئی اے کی جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔

ایف آئی اے نے خدیجہ شاہ کو جیل سے گرفتار کرکے عدالت پیش کیا اور خدیجہ شاہ کے 14 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے ایف آئی اے کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ 9 مئی کو خدیجہ شاہ نے اشتعال انگیز ٹویٹ کیے، وہ ٹویٹ ابھی تک ری ٹویٹ ہورہے ہیں۔