ایک نیوز:شہر لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح میں اضافہ ریکارڈ,دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور آج دوسرے نمبر پرآگیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس 383 ریکارڈ کیا گیا،لاہور کے دیگر شہروں سید مراتب علی روڈ 417, فیز 8 ڈی ایچ اے 412, یو ایس قونصلیٹ 390 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا ہے۔فدا حسین 383, مال روڈ اطراف ائیر کوالٹی انڈیکس 360 ریکارڈ کی گئی۔
لاہور کی فضاؤں میں ٹھنڈک محسوس کی جانے لگی،نومبر کے آغاز کے ساتھ ہی سردی میں بھی شدت بڑھنے لگی،صبح میں محسوس کی جانے والی سردی کے ساتھ خنکی میں بھی اضافی ریکارڈ کیا گیاہے۔
ماہرین نے وقت کے ساتھ ساتھ آنے والے دنوں میں سردی میں مزید اضافے کی نوید سنا دی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شہر میں بارشوں سے متعلق تاحال کوئی امکان موجود نہیں ،موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجہ حرارت 17 اور زیادہ سے زیادہ 29 تک ریکارڈ کیا جائے گا۔
دوسری جانب کراچی کا آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں تیسرا نمبر ہے جس کا ایئر کوالٹی انڈیکس191ریکارڈ کیا گیا۔
ایئرکوالٹی انڈیکس کے مطابق کراچی میں 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضر صحت ہے، 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضرصحت جب کہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے کئی شہر سموگ کی لپیٹ میں ہیں، سرگودھا میں سانس، دمہ، گلے اور پھیپھڑوں کے مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
ڈاکٹروں کے مطابق آلودگی سے بچے اور بوڑھے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، ماسک لازمی استعمال کرنے، پانی ابال کر پینے، سبزیوں اور پھلوں کو دھو کر استعمال کرنے پر زور دیا جارہا ہے۔