ایک نیوز نیوز: گھوٹکی میں پولیس اہلکاروں کی شہادت کے معاملے میں محکمے کے اندر کالی بھیڑیں موجود ہونے کا تہلکہ خیز انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کی فراہم کردہ معلوماتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گھوٹکی میں پولیس افسران اور اہلکاروں کی شہادت مخبری کی وجہ سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے گزشتہ روز انتہائی مطلوب ڈاکو سلطوشر کو ہلاک کیا تھا۔ اسی ڈاکو کے قریبی ساتھی کی گرفتاری کے لیے کچے کے علاقے میں ناکہ بندی کی منصوبہ بندی کی گئی لیکن ڈاکوؤں کو پولیس ناکے کی مبینہ طور پر پہلے ہی اطلاع تھی۔
ذرائع کے مطابق پولیس ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوز کی نگرانی میں 3 بکتر بند میں پہنچی، پولیس پر ڈاکوؤں کی جانب سے راکٹ لانچر فائر کیا گیا، تکنیکی خرابی کی وجہ سے پولیس کا راکٹ لانچر چل نہ سکا۔ اس کے بعد ملزمان نے پولیس اہلکاروں کو گھیر کر فائرنگ کی۔
ذرائع کے مطابق پولیس اچانک حملے کے لیے تیار نہیں تھی۔ اس لیے پہلے ہی حملے میں ڈی ایس پی، ایس ایچ او اور اہلکار شہید ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق کچھ اہلکاروں نے بھاگ کر جان بچائی جبکہ کچھ کو ڈاکوؤں نے یرغمال بنا لیا۔ جنہیں بعد میں مذاکرات کے بعد رہا کرایا گیا۔