ایک نیوز نیوز: وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی اور مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ لانگ مارچ کو اسلام آباد میں گھسنے نہیں دیا جائے گا۔ ان کا استقبال کنٹینرز سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق عطاء تارڑ نے گوجرانوالا میں میڈیا سے گفتگو کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کو کسی صورت اسلام آباد میں گھسنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے کنٹینر کی ٹکر سے جاں بحق نوجوان سمیر کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور حکومت پاکستان کی طرف سے 50 لاکھ کا چیک دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سمیر کی موت کا مقدمہ انتہائی کمزور دیا گیا، حالانکہ مقدمہ پرویز الہٰی پر درج ہونا چاہیے، وہی اس سب کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیرآباد واقعے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں، یہاں ابھی تک مقدمہ بھی درج نہیں کیا گیا۔ لیکن حکومت نے ان پر اور سائرہ تارڑ پر پرچہ درج کروادیا تھا۔
انہوں نے انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ شک ہے کہ معظم گوندل کو عمران خان کے گارڈ کی گولی لگی۔ گولی لگنے والے کو مقامی ہسپتال منتقل کیاگیا جبکہ آپ خود پٹیاں باندھ کر لیٹ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اقتدار سے نکلنے کے بعد حواس کھوبیٹھے، مقدمہ دراصل وزیراعظم اور وزیرداخلہ نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب پر درج ہونا چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں کنٹینر لگیں گے اور لانگ مارچ والوں کو اسلام آباد میں پھڑکنے بھی نہیں دیں گے۔