وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ‌ کی قومی کرکٹ ٹیم کو جیت کی مبارک باد

وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ‌ کی قومی کرکٹ ٹیم کو جیت کی مبارک باد
کیپشن: وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ‌ کی قومی کرکٹ ٹیم کو جیت کی مبارک باد

ایک نیوز نیوز: وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعظم آزاد کشمیر اور صوبوں کے وزرائے اعلیٰ‌ نے قومی کرکٹ ٹیم کو جیت کی مبارک باد دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک ٹوئٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کو جیت کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بڑا لمحہ ہے، آپ سب کو بہت بہت مبارک ہو، پاکستان اور نیدرلینڈز نے بہترین کھیلا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے قومی کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈ کپ سیمی فائنل میں پہنچنے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا پاکستان کرکٹ ٹیم کی پرفارمنس بہترین رہی، کشمیریوں کو قومی ٹیم کی سیمی فائنل میں رسائی کی بے حد خوشی ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو بنگلادیش کو شکست دینے پر مبارک باد دی، اور کہا کہ ان شااللہ اب پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں بھی کامیابی حاصل کرے گی، اور امید ہے قومی کرکٹ ٹیم ورلڈ کپ پاکستان کے نام کرے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے ٹوئٹ میں قومی کرکٹ ٹیم کو شاباشی دی، لکھا قوم کی دعائیں ساتھ ہیں پاکستان ورلڈ کپ جیتے گا۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی قومی ٹیم کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے پر مبارک باد دی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے، ڈو اور ڈائی میچ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 5 وکٹ سے شکست دے دی، ایڈیلیڈ میں بنگلادیشی ٹیم پہلے کھیل کر 8 وکٹ پر 127 رنز بنا سکی تھی، پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں محمد حارث نے 18 گیندوں پر 31 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، 4 وکٹیں لینے والے شاہین شاہ آفریدی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان نے سب سے زیادہ چھٹی مرتبہ سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے، ٹی 20 ورلڈ کپ کی چاروں سیمی فائنلسٹ کا فیصلہ بھی ہو گیا ہے، پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گئی ہیں۔