بلوچستان کی ترقی اورخوشحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے،صدرمملکت

May 06, 2024 | 23:17 PM

ایک نیوز:صدرمملکت آصف زرداری کاکہنا ہے کہ بلوچستان کو ترقی و خوشحالی دینا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری کا وزیر اعلیٰ بلوچستان کی جانب سے دیے گئے عشائیہ سے خطاب  کرتے ہوئے کہنا تھا کہ  بلوچستان کو خوشحال و ترقی یافتہ بنا کر  استحکام پاکستان کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریں گے۔بلوچستان اپنے  معدنی وسائل اور طویل ساحلی پٹی کی بدولت خاص اہمیت کا حامل ہے۔بلوچستان کی بنجر زمینوں کو موثر حکمت عملی کے ذریعے سیراب کر کے زرعی پیداوار میں اضافے کے قابل بنانے کی کوشش کریں گے۔ملکی ترقی اور صوبوں کو حقوق دینے کیلئے ہماری دور میں اٹھارویں آئینی ترمیم پاس کی گئی جس سے تمام صوبوں کو فائدہ پہنچا۔دنیا تیزی کیساتھ ترقی کر رہی ہے، بلوچستان کے معدنی وسائل کو جدید طریقے سے نکالنے کی ضرورت ہے۔بلوچستان میں تیل اور گیس موجود ہیں لیکن ہم نے آج تک اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار نہیں کیا۔اب وقت ہے کہ بلوچستان کے قدرتی وسائل کو نکال کر ملکی معاشی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔

آصف زرداری کاکہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے کم آمدن و حق دار خاندانوں کو پیکیج دے رہے ہیں جس سے غریب خاندانوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔کوشش ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرح کے پروگراموں کو مزید وسعت دی جائے ۔میری کوشش ہے کہ میں پورے ملک خاص کر بلوچستان کی ترقی اور یہاں کے عوام  کیلئے  زیادہ سے زیادہ کام کر سکوں۔بلوچستان کی صوبائی حکومت  کو سپورٹ کرینگے  کہ وہ یہاں کے عوام کیلئے ترقی کے مواقع پیدا کر سکیں۔بلوچستان کے مسائل سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے حل ہونے چاہیے۔

مزیدخبریں