ایک نیوز :نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب میں ”مفت آٹا اسکیم“ پر مسلم لیگ (ن) کے بعض رہنماؤں کے الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کر دیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام میں محسن نقوی کاکہنا ہے کہ مفت آٹا سکیم سے متعلق مسلم لیگ ن کے بعض رہنمائوں کے الزامات بے بنیاد ہیں،شفافیت اور مالیاتی احتیاط کے مفاد میں پروگرا م آزاد آڈٹ کے لیے پیش کیاجا رہاہے ۔الزامات کے بعدہم نے آڈیٹر جنرل پاکستان کے دفتر کے ذریعے فوری آڈٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اور ساتھ ہی ساتھ بین الاقوامی شہرت کی ایک نجی آڈٹ فرم کے ذریعے بھی آڈٹ کر ایا جائے گا۔
نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کاکہنا ہے کہ ہم نے چیئرمین نیب کو ایک درخواست بھی بھیجی ہے،کہ وہ پروگرام کی جانچ پڑتال کریں تاکہ اس بات کی تصدیق کی جا سکےکہ آیا کسی مذموم عناصر کی جانب سے ایسا کچھ کیا گیا ہے یا نہیں ۔