ایک نیوز: پی ڈی ایم 16 ستمبر سے پہلے الیکشن کیلئے تیار نہیں۔یہ تاریخ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ حکمران اتحاد 16ستمبر کے بعد الیکشن کیلئے کسی بھی تاریخ کیلئے تیار ہوگا۔ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کی مدت میں توسیع کے امکان کو بھی مسترد کر دیا، جیسا کہ ماضی میں حکمران اتحاد کے کچھ رہنماؤں نے اشارہ دیا تھا۔
ذرائع کا کہناہے کہ ہم 13 اگست سے آگے نہیں جائیں گے۔ 13 اگست کو قومی اسمبلی اپنی مدت مکمل کر لے گی۔ کہا جاتا ہے کہ 13 اگست سے آگے جانے سے حکمران اتحاد کو سیاسی لحاظ سے بہت زیادہ نقصان ہوگا۔اگر پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی والے الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے کسی معاہدے کیلئے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھتے ہیں تو قومی اسمبلی کی تحلیل جولائی میں ممکن ہے لیکن جون میں کسی بھی طرح سے ایسا نہیں ہوگا۔
ذرائع کے مطابق حکومت بجٹ کے معاملے پر سمجھوتا نہیں کرے گی، حکومت چاہتی ہے کہ وہ بجٹ پیش کرے اور اسے آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط کے مطابق پارلیمنٹ سے منظور کرائے۔بجٹ نگراں حکومت کیلئے نہیں چھوڑا جا سکتا کیونکہ حکمران اتحاد کو ڈر ہے کہ ملک نازک موڑ پر کھڑا ہے،عبوری حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ معاملہ سازی نہیں کر پائے گی لہٰذا ڈیفالٹ کا خطرہ مول نہیں لیا جا سکتا۔
ذرائع نے یقین دہانی کرائی کہ آئندہ بجٹ آئی ایم ایف کے ساتھ طے شدہ شرائط کے مطابق منظور کیا جائے گا۔ انہوں نے اس تاثر کو مسترد کر دیا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبول بجٹ پیش کیا جائے گا۔